پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کے لیے 3.22 ارب روپے کا بجٹ منظور
لاہور: محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کے لیے مالی سال 2026-27 کا 3.22 ارب روپے کا سالانہ بجٹ منظور کرلیا۔
منظور شدہ بجٹ کے تحت بی ایس-1 سے بی ایس-22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں نظرثانی شدہ پے اسکیلز 2026 اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2026 کے مطابق 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 3.5 فیصد اضافہ منظور کیا گیا۔
LG&CD سیکریٹری زید بن مقصود کی زیر صدارت اجلاس میں مالی و انتظامی امور، لوکل گورنمنٹ سروس کے ملازمین سے متعلق مسائل اور بھرتیوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سیکریٹری احمد سہیل کیفی نے انتظامی اور سروس سے متعلق امور پر بریفنگ دی، جبکہ فنانس ڈائریکٹر عبدالغفار وینس نے مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ پیش کیا۔
اجلاس میں پنشن کی ادائیگی کے لیے 1.5 ارب روپے، ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 753 ملین روپے اور وفات پانے والے ملازمین کے خاندانوں کے لیے 60 ملین روپے مختص کیے گئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ سروس کے لیے 271 ملازمین کی بھرتی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔