محکمہ موسمیات کی 25 سے 31 مئی تک الرٹ جاری، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
کراچی: پاکستان محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں 25 سے 31 مئی کے دوران شدید ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی فضاؤں میں ہائی پریشر سسٹم بننے کے باعث اندرون سندھ میں شدید گرمی کی لہر متوقع ہے۔
سکھر، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح شہید بینظیر آباد، خیرپور، گھوٹکی اور نوشہرو فیروز میں بھی شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور مِٹھی میں درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ جامشورو، مٹیاری اور سانگھڑ بھی شدید گرمی سے متاثر ہوں گے۔
پی ایم ڈی نے شہریوں خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو بھی فصلوں اور جانوروں کی حفاظت یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔