سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی صفائی مہم میں دو ٹن کچرا اٹھا لیا گیا۔
اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے جاز ورلڈ کے تعاون سے راول ڈیم کے اطراف صفائی مہم بھی چلائی گئی۔
اس مہم میں 200 سے زائد رضاکاروں نے حصہ لیا، جن میں سی ڈی اے، ایم سی آئی، غیر سرکاری تنظیموں، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے۔
رضاکاروں نے 80 تھیلوں میں کچرا جمع کیا اور تقریباً دو ٹن ٹھوس فضلہ راول ڈیم کے اطراف سے ہٹا کر علاقے کو صاف کیا۔
ایم سی آئی کی چیف آفیسر ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا اور شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی، حکومت پنجاب اور دیگر اداروں کے تعاون سے راول ڈیم کو آلودگی سے بچانے کے لیے جامع اقدامات کر رہے ہیں، جن میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب بھی شامل ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خاص طور پر بھارہ کہو اور مری سے آنے والے نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں کیونکہ یہی نالے راول جھیل میں آلودگی کے بڑے ذرائع ہیں۔