پنجاب میں سموگ سیزن کی آمدسے قبل فضائی آلودگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے سخت اقدامات کئے جائیں:وزیر اعلی پنجاب

ماحول دوست اقدامات، عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں 16 ویں نمبر پر آگیا

لاہور (محمد یاسین ظفر): وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے نومبر میں سموگ سیزن کی آمدسے قبل موثر پیشگی انتظامات یقینی بنانے اور گزشتہ برس کی کامیاب حکمت عملی کو مزید موثر بنانے اور فضائی آلودگی کے پھیلاؤ کے تمام ذرائع کو روکنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ماحول دوست اقدامات کی بدولت عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں سولہویں نمبر پر آگیا۔
ماہرین موسمیات نے بتایا کہ بھارت سے چلنے والی تیز ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے نتیجے میں لاہور، فیصل آباد، رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں فضائی آلودگی کے انڈیکس میں معمولی اتارچڑھاؤ ہوتا رہتا ہے۔ اگلے ہفتے لاہور میں بارش سے فضائی آلودگی میں کمی کا امکان ہے۔ موسمیات ماہرین نے بتایا کہ ہوا کی رفتار اور نمی بڑھنے سے آلودہ ذرات فضا میں موجود رہتے ہیں جس سے فضائی انڈیکس میں تبدیلی آتی ہے تاہم وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر اینٹی سموگ سیزن کی گزشتہ سال کی تمام ایس او پیز پر عمل درآمد مزید سخت کردیاگیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب کی انتظامیہ اور محکموں کو فصلوں کی باقیات کو جدید مشینری سے ٹھکانے لگانے اور آگ نہ لگانے کے امر کو یقینی بنا نے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ پلاسٹک کو آگ لگانے اور پلاسٹک سے تیار کردہ مصنوعات سے انسانی زندگی کو لاحق خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر بھٹہ خشت کی مانیٹرنگ اور زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ دھوئیں سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے ریستورانوں اور بار بی کیو آؤٹ لیٹس کی نگرانی اور معائنہ کو موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ لاہور کے داخلی مقامات پر بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کے معائنے اور سموگ اخراج کی سخت پڑتا ل بھی کی جارہی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی شہر میں موٹر بائیکس کے دھوئیں کی مانیٹرنگ کرنے اور آلودگی پھیلانے پر کارروائی کی ہدایت کی۔ سیف سٹی کیمروں، تھرمل امیجنگ اور جدید آے آئی نظام کے تحت مانیٹرنگ بھی بڑھا دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سموگ کے تین مہینوں میں انتظامیہ اور محکموں کی کارروائیوں میں عوام بھرپور ساتھ دے کر کامیابی کی ایک نئی مثال بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں