سندھ میں ریبیز سے اموات 43 ہوگئیں، ویکسین لگوانے کے باوجود 6 سالہ بچہ جاں بحق
حیدرآباد: بدین سے تعلق رکھنے والا ریبیز کا شکار 6 سالہ بچہ لیاقت یونیورسٹی اسپتال (ایل یو ایچ) حیدرآباد میں انتقال کر گیا، جس کے بعد سندھ میں رواں سال ریبیز سے اموات کی تعداد 43 ہوگئی۔
محکمہ صحت کے مطابق بلال ولد امجد راجپوت کو 29 ستمبر کو گاؤں بچل بالن میں کتے نے کاٹا تھا۔ واقعے میں مزید سات افراد بھی متاثر ہوئے تھے، جبکہ بعد میں شہریوں نے کتے کو ہلاک کر دیا۔
بچے کو گولارچی کے ایک اسپتال میں ریبیز امیونوگلوبیولن (آر آئی جی) کی ایک اور اینٹی ریبیز ویکسین کی تین خوراکیں دی گئی تھیں۔ طبیعت خراب ہونے پر اسے پہلے انڈس اسپتال بدین لے جایا گیا، جہاں سے فارغ کیے جانے کے تقریباً دو ہفتے بعد لیاقت یونیورسٹی اسپتال کی سٹی برانچ منتقل کیا گیا۔
اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارشاد کاظمی کے مطابق بچے کو پانی سے خوف، سانس لینے میں دشواری، بے چینی اور بخار کی شکایات تھیں۔ تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچنے کے بعد اسے طبی امداد اور انتہائی نگہداشت فراہم کی گئی، تاہم وہ اسی روز انتقال کر گیا۔
دوسری جانب سندھ کے چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کی ہدایت پر ریبیز سے اموات کے واقعات میں ویکسین اور آر آئی جی لگوانے کے باوجود مریضوں کی ہلاکت پر چار ڈاکٹروں کو معطل اور سات طبی مراکز کے سربراہان سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔
محکمہ صحت نے ویکسین کی کولڈ چین، معیار اور علاج فراہم کرنے والے عملے کی تربیت میں ممکنہ خامیوں کی نشاندہی کے لیے ریبیز سے ہونے والی ہر موت کی نگرانی کا نظام بھی شروع کر دیا ہے۔