چشتیاں کو جنوبی پنجاب کا خوبصورت ترین شہر بنانا میرا مشن ہے: ایم این اے احسان الحق باجوہ

چشتیاں: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی اوورسیز اور رکن قومی اسمبلی چوہدری احسان الحق باجوہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی ہے اور عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

مختلف مقامات پر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹرویز، ایئرپورٹس، رابطہ سڑکوں، بجلی، سوئی گیس، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام عوام کا بنیادی حق ہیں اور اپنے شہر و حلقے کو خوبصورت اور جدید بنانا ان کا مشن ہے۔

احسان الحق باجوہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے اپنی مثال آپ ہیں اور صوبے بھر میں عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں سیاسی انجینئرنگ کے باعث ترقیاتی فنڈز واپس نہ کرائے جاتے اور مختلف فیصلوں کے ذریعے چشتیاں کے ترقیاتی منصوبے نہ روکے جاتے تو آج چشتیاں جنوبی پنجاب کا خوبصورت ترین شہر ہوتا۔ ان کے بقول، اب بیوٹیفکیشن منصوبے، محلوں اور گلیوں میں سیوریج، ٹف ٹائل، واٹر سپلائی اور بجلی کے منصوبے شہریوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری لائیں گے۔

رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ حلقہ این اے-162 میں جلد بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، جن میں سیوریج، واٹر سپلائی، ٹف ٹائل، بجلی، گیس اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبے شامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سینکڑوں کلومیٹر رابطہ سڑکیں تعمیر کرکے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے الیکٹرک بسوں کی فراہمی، گھروں کی تعمیر کے لیے قرضہ اسکیم، کسانوں کو ٹریکٹر، لیزر لینڈ لیولرز اور دیگر سہولیات کی فراہمی مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسیوں کا حصہ ہے۔

متعلقہ خبریں