عوامی خدمت اور بلاامتیاز ترقی میری سیاست کا بنیادی محور ہے: سردار محمد اظہر خان لغاری
رحیم یارخان: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر، چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سردار محمد اظہر خان لغاری نے کہا ہے کہ حلقے کے عوام کی خدمت، ان کے مسائل کا بروقت حل اور بلاامتیاز ترقی ان کی سیاست کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ عوام کے اعتماد پر ہر صورت پورا اتریں گے اور ترقیاتی عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار رحیم آباد سیکرٹریٹ میں اپنے حلقے سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں علاقائی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سردار محمد اظہر خان لغاری نے وفود کے مسائل توجہ اور سنجیدگی سے سنے اور متعدد معاملات پر موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران سے رابطہ کر کے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، تاہم وہ خود بھی اس عمل کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا اور ترقیاتی سرگرمیوں میں عوامی ضروریات کو اولین اہمیت دی جائے گی۔
وفود نے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے فوری رابطوں اور اقدامات پر سردار محمد اظہر خان لغاری کا شکریہ ادا کیا۔