پنجاب کےمختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں کا سلسلہ جاری، مزید تین ملزمان ہلاک
نارووال: صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں مبینہ پولیس مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں سیالکوٹ، ساہیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مزید تین ملزمان ہلاک جبکہ تین کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
سیالکوٹ میں پولیس کے مطابق پنجاب پولیس کی ڈسکہ صدر تھانے کی ٹیم معمول کی گشت پر تھی کہ ڈھولیوالی کینال کے قریب پانچ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کی اور تقریباً 30 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فائرنگ رکنے پر دو نامعلوم ملزمان کی لاشیں موقع سے برآمد ہوئیں جبکہ تین فرار ہو گئے۔
ساہیوال میں مختلف علاقوں نور شاہ، فرید ٹاؤن اور شاہ کوٹ میں ہونے والے تین علیحدہ مبینہ مقابلوں میں تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق نور شاہ کے قریب شہریوں سے ڈکیتی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بشیر بگی نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔
اسی طرح فرید ٹاؤن میں ایک اور مقابلے کے بعد اعجاز نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ شاہ کوٹ کے علاقے میں بھی پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد محمد ارشاد زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سی سی ڈی نے چک 99 گوجرہ کے قریب موٹر سائیکل سوار تین مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوا جو بعد میں دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت زوہیب کے نام سے ہوئی ہے جو کمالیہ کا رہائشی تھا۔
پولیس کے مطابق تمام واقعات کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔