راولپنڈی میں پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 سے 16 فیصد کمی

راولپنڈی: ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے پیٹرول سے چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 16 فیصد جبکہ ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کر دی ہے۔ آر ٹی اے سیکریٹری اسد شیرازی کے مطابق ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کی ہدایت پر ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد 11 سے 28 نومبر کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے نئے کرایے مقرر کیے گئے ہیں۔ سامان کی ترسیل کے کرایوں میں بھی 16 فیصد کمی کی گئی ہے۔

اسد شیرازی نے بتایا کہ پیرودھائی بس ٹرمینلز اور جنرل بس اسٹینڈ سمیت سرکاری و نجی اڈوں پر نئے کرایوں کے شیڈول آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ کرایوں سے زائد وصولی یا اضافی مال برداری چارجز لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی ہوگی۔ مسافر اپنی شکایات آر ٹی اے ہیلپ لائن 1071 پر درج کرا سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق نئے کرایوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ عملے کو بھی غفلت نہ برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے شکایت کی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں۔ اریہ محلہ کے رہائشی محمد امجد کے مطابق مرغی کا گوشت 700 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ مصریال روڈ کے رہائشی ملک عمران نے سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش ظاہر کی۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے اثرات اشیائے خورونوش کی قیمتوں تک پہنچنے میں تقریباً 15 روز لگ سکتے ہیں، کیونکہ موجودہ سامان پہلے سے زیادہ کرایوں پر منگوایا گیا تھا۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ ایندھن مہنگا ہوتے ہی اشیا کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں، لیکن قیمتیں کم ہونے پر دکاندار فوری ریلیف نہیں دیتے۔

متعلقہ خبریں