سیکٹر 5-E میں سیوریج کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے کام شروع
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کے سیکٹر 5-E میں سیوریج کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر یونین کونسل 04 کے چیئرمین امید علی قاضی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔
چیئرمین امید علی قاضی نے کہا کہ علاقے کے عوام کو درپیش سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں اور خوش آئند امر ہے کہ ڈی جی کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KDA) اور ان کی ٹیم نے درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کام کا آغاز کیا۔
انہوں نے ڈی جی کے ڈی اے اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ علاقے میں بنیادی بلدیاتی سہولیات کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
مقامی رہائشیوں نے بھی سیوریج کے مسئلے کے حل کے لیے کام شروع ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منصوبہ جلد مکمل ہوگا، جس سے برسوں سے درپیش نکاسی آب کے مسائل کا خاتمہ ہوگا اور شہریوں کو ریلیف ملے گا۔