چولستان میں تالاب خشک، پانی کی شدید قلت کے باعث مکینوں کی موسمی نقل مکانی شروع
چولستان میں تالاب خشک، پانی کی شدید قلت کے باعث مکینوں کی موسمی نقل مکانی شروع
بہاولپور: چولستان کے ریگستانی علاقوں میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری شدید گرمی اور تپتی دھوپ کے باعث پانی کے ذخائر تیزی سے خشک ہونے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی اور لاکھوں مویشیوں کو شدید پانی بحران کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چولستان میں موجود تقریباً دو ہزار قدرتی تالابوں میں سے ایک تہائی خشک ہوچکے ہیں، جس کے بعد صحرائی مکینوں نے پانی اور چارے کی تلاش میں موسمی نقل مکانی شروع کردی ہے۔
ویب پورٹل واش ڈاٹ پی کے کے مطابق یہ تالاب، جنہیں مقامی زبان میں “ٹوبہ” کہا جاتا ہے، چولستان کے تقریباً تین لاکھ افراد اور پندرہ لاکھ مویشیوں کیلئے پینے کے پانی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ شدید گرمی، بلند درجہ حرارت اور تیز بخارات بننے کے عمل نے بیشتر تالاب خشک کردیے ہیں جبکہ بعض علاقوں جیسے چھوری والا، کالی والا، بلوچاں والا، نوری والا اور ٹوٹا فن کے تالابوں میں گزشتہ ماہ ہونے والی بارش کے باعث کچھ پانی ابھی موجود ہے۔
پانی کی قلت کے باعث بڑی تعداد میں چولستانی خاندان اپنے مویشیوں سمیت سرسبز علاقوں اور شہروں کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔ کئی بستیاں، جہاں مٹی اور پھوس کے مکانات موجود تھے، اب ویران منظر پیش کررہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد افراد عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے قربانی کے جانور فروخت کرنے کیلئے مختلف شہروں کا رخ بھی کرچکے ہیں۔
چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بعض علاقوں میں زیر زمین پائپ لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہا ہے، تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ فراہمی انسانی آبادی اور مویشیوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ناکافی ہے۔ کئی علاقوں میں پائپ لائنوں میں لیکیج کے باعث پانی کی ترسیل بھی متاثر ہورہی ہے۔
چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد حسن کلیانی نے تصدیق کی کہ شدید گرمی کے باعث بعض علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوئی ہے، تاہم اتھارٹی زیر زمین لائنوں اور واٹر باؤزرز کے ذریعے پانی کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں تالابوں کا خشک ہونا چولستان کا ایک قدرتی عمل ہے اور صحرائی مکین صدیوں سے موسمی نقل مکانی کرتے آرہے ہیں۔ ان کے مطابق بارشوں کے آغاز کے بعد تالاب دوبارہ بھر جائیں گے اور لوگ اپنے مویشیوں سمیت واپس اپنی بستیوں میں لوٹ آئیں گے۔