ایک مؤثر اور درست سول سروس ایک قوم کو عظیم بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور میں صوبے اور ملک کی بہتری کے لیے آپ کی بہترین صلاحتوں کو دیکھنے کا منتظر ہوں: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (نمائندہ خصوصی ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی) اور سینئر مینجمنٹ کورس (ایس ایم سی) کی سطح اور معیار کے لازمی کورسز شروع کیے ہیں۔ ہمارے صوبائی ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ (ٹی ایم آر) ونگ کے ذریعے وفاقی حکومت کے اداروں کی طرح ایک معیاری ادارہ قائم کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے صوبائی سروس کو مزید مضبوط کرنے اور صوبائی پولیس کیڈر بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبائی حکومت کا پی اے ایس اور پی ایس پی افسران کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت پر انحصار کو کم کیا جا سکے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ (ٹی ایم آر) کے زیر اہتمام پہلے ایم سی ایم سی کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز شاہ، سیکریٹری ٹی ایم آر تمیز الدین کھیڑو، صوبائی سیکریٹریز اور ٹی ایم آر کے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت برسوں سے سرکاری ملازمین کو پیشہ ورانہ ترقی اور فیصلہ سازی کی جدید فنی مہارت حاصل کرنے کے لیے مختلف تربیتی پروگراموں کے ذریعے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ اس کورس (ایم سی ایم سی) کو مکمل کرنے کے بعد شرکاء اپنے فرائض کی انجام دہی میں اخلاقیات اور کارکردگی کے اعلیٰ معیار پر گامزن ہوں گے اور صوبہ سندھ کے لوگوں کے معیار زندگی میں فرق پیدا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ایک مؤثر اور درست سول سروس ایک قوم کو عظیم بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور میں صوبے اور ملک کی بہتری کے لیے آپ کی بہترین صلاحتوں کو دیکھنے کا منتظر ہوں۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس کورس کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے میں ٹی ایم آر ونگ بالخصوص فیکلٹی ممبران کی مخلصانہ کوششوں، لگن اور محنت کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے چیف سیکرٹری کو صوبائی پولیس کیڈر بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ گریڈ 21 تک افسران کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا. سیکریٹری ٹی ایم آر نے اپنی تقریر میں صوبائی سرکاری ملازمین کے گریڈ 21 اور 22 میں ترقی کے محدود مواقع پر بات کی۔ میں اس صورتحال کو بہتر بنانا چاہتا ہوں اور ایس جی اے اینڈ سی ڈی کو اس سلسلے میں تجاویز دینے کی ہدایت دیتا ہوں۔واضح رہے کہ مختلف پراونشل سروسز کے 60 افسران نے گریڈ 18 سے گریڈ 19 میں ترقی کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے صوبائی ٹی ایم آر سے پہلا ایم سی ایم سی کورس کامیابی سے مکمل کیا ہے۔

متعلقہ خبریں