نوجوان کونسلر حافظ شیراز احمد کی قابلِ ستائش پہل
کراچی (نامہ نگار) نیو کراچی کے علاقے عائشہ کمپلیکس سیکٹر فائیو آئی میں جماعت اسلامی کے منتخب نوجوان کونسلر حافظ شیراز احمد نے اپنی مدد آپ کے تحت نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کے تعاون سے مچھر مار اسپرے کروایا۔
تفصیلات کے مطابق، علاقے میں بڑھتے ہوئے ڈینگی اور ملیریا کے خدشات کے پیش نظر حافظ شیراز احمد نے فوری اقدام اٹھاتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ سے رابطہ کیا اور اپنی کوششوں سے علاقے میں اسپرے مہم کا آغاز کروایا۔ یہ مہم عائشہ کمپلیکس اور اطراف کے گلی محلوں میں مکمل کی گئی، جس میں مقامی رہائشیوں نے بھرپور دلچسپی اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔علاقہ مکینوں نے حافظ شیراز احمد کے اس عملی قدم کو سراہا اور کہا کہ منتخب نمائندے اگر اسی جذبے سے عوامی فلاح کے کام کریں تو بہت سے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر علاقوں میں بھی ایسی ہی مہمات جاری رہیں گی تاکہ شہری صحت کو لاحق خطرات سے بروقت نمٹا جا سکے۔
واضح رہے کہ حافظ شیراز احمد نوجوان قیادت کے طور پر نہ صرف سیاسی میدان میں سرگرم ہیں بلکہ سماجی سطح پر بھی عوام کے مسائل کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ بااختیار بلدیاتی نمائندے اگر سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کریں تو شہریوں کی زندگی میں بہتری ممکن ہے۔