کراچی میں بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کا منصوبہ شروع
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور شہری سیلاب کے خدشات کم کرنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینک بنانے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔
بدھ کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ اقدام گزشتہ ماہ کے ایم سی انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے نتیجے میں سامنے آیا، جس کی صدارت میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں کے ایم سی ہیڈ آفس، پولو گراؤنڈ، سندھ سیکریٹریٹ کے قریب علاقہ اور برنس گارڈن میں ٹینک بنائے جا رہے ہیں تاکہ بارش کے پانی کو درست سمت میں استعمال کیا جا سکے اور مرکزی سڑکوں پر پانی جمع ہونے یا شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔
کے ایم سی کے ترجمان دانیال سیال کے مطابق ان مقامات پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے اور یہ منصوبہ جلد :مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ
"اس منصوبے کا بنیادی مقصد بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچا کر اس کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ کے ایم سی شہر کے دیگر مقامات کی بھی نشاندہی کر رہی ہے تاکہ منصوبے کو وسعت دی جا سکے۔ بارش کے پانی کو شہری باغبانی، ہارویسٹنگ اور دیگر غیر پینے کے قابل مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جو نہ صرف ماحولیاتی ذمہ داری کو فروغ دے گا بلکہ کراچی کی موسم برسات کے دوران مزاحمت کو بھی مضبوط بنائے گا۔