اسلام آباد: سی ڈی اے کا بس روٹس کے لئے موبائل ایپ

الیکٹرک اور میٹرو بس روٹس کی معلومات اب موبائل پر دستیاب ہونگی

اسلام آباد : کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ’’سی ڈی اے موبائل ایپ‘‘ کے نام سے اپنا آفیشل موبائل ایپ لانچ کر دیا ہے، جو پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ یہ ایپ شہریوں کو الیکٹرک اور میٹرو بس روٹس کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرے گی۔

ایپ کی بدولت صارفین اپنی سفر کی منصوبہ بندی بہتر طریقے سے کرسکیں گے، جس میں مقامات کے درمیان متوقع سفر کا وقت بھی شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ یہ ایپ سیاحت کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کرے گی، جس میں اسلام آباد کے اہم مقامات اور دلچسپی کے پوائنٹس کی معلومات شامل ہوں گی تاکہ سیاح اپنے دورے کو بہتر طریقے سے پلان کر سکیں۔

چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ایپ کی خصوصیات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، این آر ٹی سی اور دیگر سینئر افسران شریک تھے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایپ کے اہم فیچرز میں ’’ٹِرپ پلاننگ‘‘ شامل ہے جو صارفین کو سفر کا مکمل نقشہ، اوقات اور متوقع مدت فراہم کرتا ہے۔ ایپ میں ’’راؤٹس‘‘ کا فیچر بھی موجود ہے، جس کے ذریعے صارفین اسلام آباد کے تمام فعال روٹس کی معلومات حاصل کرسکیں گے۔ مزید یہ کہ گوگل میپس کے ساتھ انٹیگریشن کے باعث روٹس کے نقشے اور تفصیلات بھی دستیاب ہیں۔

سی ڈی اے کے مطابق یہ ایپ صارفین کو فوری نوٹیفکیشن اور اعلانات بھی فراہم کرے گی، جیسے روٹس میں تبدیلی یا دیگر اہم معلومات۔

مزید بتایا گیا کہ مستقبل قریب میں ایپ کے ذریعے ’’ریئل ٹائم ٹریکنگ‘‘ اور ’’موبائل والٹ‘‘ کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، جس سے صارفین اپنے کرایے ایپ کے ذریعے ادا کر سکیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ ایپ میں کیو آر کوڈ کے ذریعے خودکار کرایہ ادائیگی کا نظام بھی شامل کیا جائے، جس میں اے ٹی ایم، ماسٹر، ویزا کارڈز، بینکنگ ایپس، ایزی پیسہ اور جاز کیش وغیرہ کی سہولت فراہم ہو۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ شہری اپنے گھروں میں بیٹھے الیکٹرک بسوں کے تمام روٹس، اسٹاپس اور شیڈول کی معلومات حاصل کر سکیں اور اپنے سفر کی منصوبہ بندی بآسانی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کو جدید، ایئرکنڈیشنڈ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں