کے ایم سی ملک کی پہلی میونسپلٹی بن گئی جس نے الیکٹرک بائیکس کا گرین فلیٹ متعارف کرایا۔ میئر کراچی نے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے ابتدائی مرحلے میں مختلف محکموں کے ڈسپیچ رائیڈرز کو 20 بائیکس فراہم کیں۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں میئر نے ملازمین کو بائیکس کی چابیاں بھی دیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ خواتین افسران کے لیے پنک بائیکس مختص کی جائیں گی تاکہ انہیں آمد و رفت میں سہولت میسر ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ کے ایم سی میں کوئی پیٹرول بائیک نہیں خریدی جائے گی۔
خطاب میں میئر نے دعویٰ کیا کہ شہر کے تمام نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کلیئر کر دیے گئے ہیں اور کریم آباد انڈر پاس سے پانی نکال دیا گیا ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازم کو ہڑتال کے بجائے سرکار کی ہدایت پر عمل کرنا چاہیے، جو افسر یا اہلکار کام نہیں کرے گا اسے شوکاز نوٹس دیا جائے گا۔