اسلام آباد میں تعلیمی اداروں کے لیے مخصوص پارکنگ کی سہولتیں قائم کی جائیں گی

اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرز ایف-6، ایف-7 اور ای-7 میں واقع تعلیمی اداروں کے لیے خصوصی پارکنگ سہولتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی بھیڑ اور غیر قانونی پارکنگ کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔

یہ فیصلہ پیر کو سی ڈی اے چیئرمین اور چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں آئی جی پولیس سید علی ناصر رضوی، سی ڈی اے بورڈ کے اراکین، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں طے پایا کہ غیر قانونی پارکنگ اور غلط سمت میں گاڑی چلانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک نیا سیکرٹریٹ ٹریفک یونٹ (ایس ٹی یو) بھی قائم کیا گیا ہے، جس میں ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کے افسران شامل ہوں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک سیکرٹریٹ میں نئی پارکنگ عوام اور سرکاری ملازمین کے لیے کھول دی گئی ہے جبکہ جامع مسجد اور کوہسار بلاک کے قریب مزید دو پارکنگ ایریاز کی تعمیر جاری ہے۔ ملازمین کی سہولت کے لیے ویلیٹ سروس بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ غلط سمت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اب تک 165 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم اکتوبر سے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ کمرشل مراکز میں اضافی پارکنگ مقامات کی فوری منصوبہ بندی شروع کی جائے اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جدید سائن ایج سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ہوٹلوں اور ریستورانوں کے باہر گندگی پھیلانے پر جرمانے کیے جائیں گے۔ خلاف ورزیوں کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی اور یومیہ رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ سی ڈی اے نے کہا کہ تاجر یونینز کو بھی ان اقدامات پر عمل درآمد کے لیے اعتماد میں لیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں