کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کو بلوچستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کا چیف گائیڈ مقرر کر دیا گیا۔ اس موقع پر کوئٹہ میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ارکانِ قومی اسمبلی نزہت صادق اور اختر بی بی نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ چیف گائیڈ کی حیثیت سے یہ ذمہ داری ان کے لیے اعزاز ہے اور وہ اسے احسن انداز میں نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبے کی خواتین، بالخصوص بچیوں کی تعلیم اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرلز گائیڈ نے ہمیشہ بلوچستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے، اور اگر اس شعبے کو مزید فروغ دیا جائے تو عالمی سطح پر بھی بچیوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔