کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بدھ کے روز کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز (کے آئی ایچ ڈی) میں بحال شدہ کیتھ لیب (کارڈیک کیتھیٹرائزیشن لیبارٹری) کا افتتاح کیا اور شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد نئے اقدامات کا اعلان کیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمال دروان، طبی ماہرین اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی شریک ہوئے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
’’دل کے مریض کے لیے ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے۔ اس سہولت کے بند ہونے کے باعث شہریوں کو پہلے این آئی سی وی ڈی پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔ اللہ کے فضل اور دستیاب وسائل کے ذریعے ہم نے کے آئی ایچ ڈی کو دوبارہ فعال کیا ہے اور اب اس کی کیتھ لیب مکمل طور پر فعال ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا انتظام سنبھالنے کے بعد کے آئی ایچ ڈی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جہاں صرف گزشتہ ایک سال کے دوران 3,000 سے زائد اوپن ہارٹ سرجریز اور 240 انجیوپلاسٹیز انجام دی گئی ہیں۔
میئر مرتضیٰ وہاب کراچی نے کہا:
’’صرف کل ہی 13 مریضوں کے کامیاب دل کے آپریشن کیے گئے۔ آئندہ دو ماہ میں کے آئی ایچ ڈی میں ایک جدید لیبارٹری قائم کی جا رہی ہے جہاں مہنگے تشخیصی ٹیسٹ عوام کو مفت فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے لیے مشینری پاکستان پہنچ چکی ہے اور جلد اس سہولت کا آغاز کر دیا جائے گا۔‘‘
انہوں نے دیگر صحت کے منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا کہ شاہ فیصل کالونی کارڈیک سینٹر کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے، جبکہ عباسی شہید اسپتال کا نیا بلاک ایک سے دو ماہ میں کھول دیا جائے گا۔
مزید کہا کہ اسپنسر آئی اسپتال کی بحالی کے بعد اب تک 200 سے زائد آنکھوں کے آپریشن کیے جا چکے ہیں، جبکہ نارتھ کراچی چلڈرن اسپتال کو بہتر سروس ڈلیوری کے لیے سندھ حکومت کے براہِ راست انتظام میں دیا جا رہا ہے۔