جنوبی کوریا کی مدد سے سی ڈی اے زیرِ زمین پانی کی سطح مانیٹر کرے گا

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تیزی سے گرتی ہوئی زیرِ زمین پانی کی سطح پر قابو پانے کے لیے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جنوبی کوریا کے تعاون سے 110 پیزومیٹرز (پانی کی پیمائش کے خودکار آلات) نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

اسلام آباد میں زیرِ زمین پانی کی سطح سالانہ اوسطاً چار فٹ تک نیچے جا رہی ہے۔ خانپور ڈیم کی تعمیر کے بعد سے اب تک کوئی نیا پانی کا ذریعہ شامل نہیں کیا گیا، اور شہری آج بھی صرف سملی، خانپور اور ٹیوب ویلز پر انحصار کر رہے ہیں۔ موجودہ ذرائع سے سی ڈی اے یومیہ صرف 70 ملین گیلن پانی فراہم کر رہا ہے جبکہ شہر کی کل ضرورت 283 ملین گیلن یومیہ ہے۔

سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت اجلاس میں جنوبی کوریا کے وفد سے ملاقات ہوئی، جس میں Korea International Cooperation Agency (KOICA) اور کورین واٹر ایکسپرٹس کے نمائندے شریک تھے۔

اجلاس میں جنوبی کوریا کے ماہرین نے اسلام آباد میں ریئل ٹائم واٹر مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کی پیشکش کی۔ وفد نے بتایا کہ 110 خودکار پیزومیٹرز کی تنصیب سے زیرِ زمین پانی کے وسائل کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔

جنوبی کوریا نے اسلام آباد کے لیے جامع گراؤنڈ واٹر مینجمنٹ پلان تیار کرنے، تکنیکی معاونت فراہم کرنے اور مقامی ماہرین کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پانی کے مسائل کے مستقل حل کے لیے جنوبی کوریا کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا اور منصوبوں کے لیے واضح ٹائم لائن طے کی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے 100 بڑے ریچارج ویلز اور 20 ذخائر تعمیر کر رہا ہے تاکہ بارش کا پانی زمین میں جذب اور محفوظ کیا جا سکے، جبکہ 11 ویٹ لینڈز بھی مختلف مقامات پر قائم کی جا رہی ہیں تاکہ قدرتی نالوں میں آلودگی ختم کی جا سکے۔

متعلقہ خبریں