میکسیکو میں مقامی فیسٹیول کے دوران میئر کارلوس منزّو کا قتل ۔ انصاف کے لیے عوام کی صدائیں بلند

یوروپان (میکسیکو): مغربی ریاست مچواکان کے شہر یوروپان میں ڈیے آف دی ڈیڈ فیسٹیول کے دوران منچلے حملے میں شہر کے میئر اور منظم جرائم کے خلاف آواز بلند کرنے والے رہنما کارلوس منزّو کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ واقعہ نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور عوام بڑی تعداد میں انصاف کے مطالبے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

ہزاروں شہری، سیاہ لباس پہنے، اتوار کے روز منزّو کی آخری رسومات میں شریک ہوئے۔ وہ نعرے لگا رہے تھے: "انصاف! انصاف! مورینا مردہ باد!” — مورینا میکسیکو کی حکمران جماعت ہے جس کی قیادت صدر کلاڈیا شین باؤم کر رہی ہیں۔

وفاقی سیکیورٹی سیکریٹری عمر گارشیا ہارفوش کے مطابق، حملہ ایک نامعلوم شخص نے کیا جس نے میئر پر سات گولیاں چلائیں۔ حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ اس واقعے میں ایک سٹی کونسل رکن اور ایک باڈی گارڈ بھی زخمی ہوئے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ علاقے میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان ہونے والی دو جھڑپوں سے منسلک تھا۔

ہارفوش نے کہا کہ "اس بزدلانہ حملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور کسی پہلو کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔”

صدر شین باؤم نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے سیکیورٹی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور ایک بیان میں اسے "انتہائی گھناؤنا قتل” قرار دیا۔ انہوں نے کہا،
"ریاست اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ امن و انصاف کو یقینی بنایا جا سکے — کسی قسم کی معافی نہیں دی جائے گی۔”

40 سالہ کارلوس منزّو ستمبر 2024 سے یوروپان کے میئر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ اکثر بلٹ پروف جیکٹ پہنے عوامی تقریبات میں نظر آتے اور کھلے عام وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے کہ منظم جرائم کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے چند ماہ قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا:
"میں نہیں چاہتا کہ میئرز کی اس فہرست میں شامل کیا جاؤں جنہیں اپنی جرأت کی قیمت جان دے کر ادا کرنی پڑی۔”

یوروپان کو "ایووکاڈو کیپٹل” بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ خطہ دنیا بھر میں ایووکاڈو کی پیداوار کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ لیکن یہی صنعت منظم جرائم کے گروہوں کی کمائی کا ذریعہ بن چکی ہے، جو کسانوں، تاجروں اور مقامی نمائندوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

منزّو کے قتل کی مذمت امریکی حکام نے بھی کی۔ امریکی ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ کرسٹوفر لینڈاؤ نے ایک بیان میں کہا:
"امریکہ، منظم جرائم کے خاتمے کے لیے میکسیکو کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔”

کارلوس منزّو سے قبل مچواکان کے ہی شہر ٹاکامبرو کے میئر سلواڈور باسٹیڈاس جون میں قتل کیے گئے تھے، جب کہ اکتوبر 2024 میں صحافی موریسیو کروز سولیس کو یوروپان میں اسی وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ منزّو کا انٹرویو مکمل کر کے واپس جا رہے تھے۔

متعلقہ خبریں