کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز کی بہتری کے لیے چار نئے زونز قائم

واٹر کارپوریشن کا شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار

کراچی: کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، عوامی سہولت میں اضافہ کرنے اور انتظامی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم انتظامی اقدام اٹھاتے ہوئے چار نئے آپریشنل زونز قائم کر دیے ہیں۔ یہ اقدام میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں واٹر کارپوریشن کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ زون ون ضلع ملیر و کورنگی کے چیف انجینئر واٹر اینڈ سیوریج محمد علی شیخ ہوں گے۔ لانڈھی، کورنگی، ماڈل زون اور شاہ فیصل ٹاؤن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد اسلم اعوان تعینات کیے گئے ہیں۔ ابراہیم حیدری اور ملیر کے سپرنٹنڈنگ انجینئر رضوان علی خان جبکہ گڈاپ ٹاؤن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر جاوید بھٹو مقرر کیے گئے ہیں۔ زون ٹو ضلع شرقی و جنوبی کے چیف انجینئر واٹر اینڈ سیوریج آفتاب عالم چانڈیو ہوں گے۔ چنیسر اور جناح ٹاؤن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالغفار شیخ، گلشن اور صفورہ کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالحق شیخ، لیاری ٹاؤن کے محمد رحیم پلیجو، جبکہ صدر اور کلفٹن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر انور میمن اپنی خدمات انجام دیں گے۔ زون تھری ضلع غربی و کیماڑی کے چیف انجینئر واٹر اینڈ سیوریج غلام محمد حب ہوں گے۔ بلدیا، ماڑی پور اور مورڑو میر بحر کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عثمان خاصخیلی جبکہ اورنگی، مومن آباد اور منگھوپیر کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالوحید شیخ تعینات کیے گئے ہیں۔ زون فور ضلع وسطی و سہراب گوٹھ ٹاؤن کے چیف انجینئر واٹر اینڈ سیوریج شاہ رخ حسین ہوں گے۔ گلبرگ، ناظم آباد اور لیاقت آباد کے سپرنٹنڈنگ انجینئر ابرار حسین جبکہ نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد اور سہراب گوٹھ ٹاؤن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر نہال دانش مقرر کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی اور چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر اسداللہ خان نے کہا کہ اس انتظامی اقدام کا بنیادی مقصد ادارے کی آپریشنل کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا، سروس ڈیلیوری کے نظام کو تیز اور فعال بنانا، پانی اور سیوریج کے مسائل کا بروقت حل ممکن بنانا، فیلڈ اسٹاف کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا، اور شہریوں کو سہولت کے اعلیٰ معیار کے مطابق خدمات فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واٹر اینڈ سیوریج سروسز کی مؤثر فراہمی کے لیے انتظامی ڈھانچے کی مضبوطی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہتر سہولیات اور معیاری سروس ڈیلیوری فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے نتیجے میں شکایات کے فوری ازالے، پانی کی فراہمی کے مؤثر انتظام، اور سیوریج سسٹم میں تسلسل پیدا ہوگا۔

متعلقہ خبریں