ڈپٹی کمشنر کا اسکول و سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ، حاضری اور صفائی ستھرائی کے سخت احکامات
رحیم یار خان: ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ نے گورنمنٹ کالونی سیکنڈری سکول کا دورہ کرتے ہوئے اساتذہ کی حاضری، طلبہ کے تعلیمی معیار، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سکول میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے شجر کاری اور باقاعدہ دیکھ بھال انتہائی ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی سو فیصد حاضری یقینی بنائی جائے، جبکہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے اسکول سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے تعلیمی ماحول کی بہتری کے لیے خود فیلڈ میں موجود رہیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کا بھی اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے افسران و سٹاف کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دفتر میں تاخیر سے آنے والے ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں بروقت حاضری اور نظم و ضبط ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی میں کوئی خلل نہ آئے۔