کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کی خواتین اراکین پر مشتمل ویمن پارلیمنٹرینز کاکس (WPC) کے وفد نے ڈپٹی اسپیکر اور کاکس کی چیئرپرسن غزالہ گولا کی قیادت میں جمعرات کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں خواتین کے بااختیار بنانے، فلاحی اقدامات اور پالیسی سفارشات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ویمن پارلیمنٹرینز کاکس بلوچستان کے لیے ایک خصوصی انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا، جس کا مقصد خواتین ارکانِ اسمبلی کے پارلیمانی کردار کو مضبوط بنانا، قانون سازی کو مؤثر بنانا اور خواتین سے متعلق پالیسیوں کی حمایت کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیادت اور فیصلہ سازی میں خواتین کی مؤثر شمولیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے سیاسی، سماجی اور معاشی کردار کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے خواتین ارکان اسمبلی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانون سازی، عوامی مفاد کے منصوبوں اور صوبے کی مجموعی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خواتین اراکین کی سفارشات کو بجٹ سازی اور پالیسی معاملات میں مکمل طور پر شامل کیا جائے گا تاکہ حکومتی پالیسیوں میں خواتین کی ضروریات اور ترجیحات کی حقیقی عکاسی ہو۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ویمن پارلیمنٹرینز کاکس کو مضبوط بنانا خواتین کے مسائل کے حل، ان کی مؤثر نمائندگی اور صوبے کی ترقی کے عمل میں ان کے کردار میں اضافے میں مددگار ثابت ہوگا۔