بلوچستان کلائمیٹ کیمپ 2025 لاہور میں منعقد

نوجوانوں اور ماہرین نے صوبے کے موسمیاتی بحران اور سماجی چیلنجز پر مکالمہ کیا

لاہور: بلوچستان کلائمیٹ کیمپ 2025 میں طلبہ، نوجوان رہنماؤں، ماحولیاتی کارکنوں، محققین اور کمیونٹی آرگنائزرز نے شرکت کی، جہاں بلوچستان کے موسمیاتی بحران، سماجی و صنفی مسائل اور صوبوں کے درمیان پائے جانے والے رابطوں کے خلا پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

دو روزہ کیمپ کا انعقاد ضمیک بلوچستان، علم دان اور کتاب گھر لاہور نے مشترکہ طور پر کیا، جس میں نوجوان قیادت، ماحولیاتی انصاف، ثقافتی غلط فہمیوں، صوبائی نمائندگی اور اجتماعی اقدام پر بامعنی سیشنز شامل تھے۔ شرکا نے ڈائیلاگ سرکلز، تخلیقی مشقوں اور گروپ مباحثوں میں حصہ لیا تاکہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان سمجھ بوجھ اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

جاری بیان کے مطابق اس سال کیمپ کو بلوچستان کے بجائے لاہور میں منعقد کرنے کا مقصد یہ تھا کہ اگرچہ بلوچستان پاکستان میں شدید ترین موسمیاتی اثرات سے دوچار ہے، لیکن اس کی آواز بڑے شہروں تک کم پہنچتی ہے۔ لاہور میں کیمپ کے انعقاد کا مقصد بلوچستان کی کمیونٹیز کے تجربات اور مسائل کو قومی فورمز، نوجوانوں کے نیٹ ورکس، تعلیمی حلقوں اور پالیسی ساز اداروں تک پہنچانا تھا۔

کیمپ کی قیادت ضمیک بلوچستان کی بانی اور گوادر سے تعلق رکھنے والی نوجوان ماحولیاتی کارکن نفیسہ بلوچ نے کی، جنہوں نے گزشتہ برس بلوچستان میں پہلا کلائمیٹ کیمپ منعقد کیا تھا اور اس بار بھی گوادر سے لاہور آکر اسی جذبے سے دوسرا کیمپ منظم کیا۔

شرکا کے مطابق یہ کیمپ اتحاد، باہمی فہم اور ماحول یاتی انصاف کے لیے اجتماعی جدوجہد کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا۔

متعلقہ خبریں