حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لیے 5 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے کی خصوصی مالی امداد منظور
حیدرآباد: حکومتِ سندھ نے رواں مالی سال کے دوران بحالی اور مرمتی کاموں کے لیے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لیے 5 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے کی خصوصی مالی امداد کی منظوری دے دی ہے۔
یہ رقم حیدرآباد کے میئر کاشف علی شورو کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً سڑکوں کے ڈھانچے کی بہتری کے لیے طلب کی گئی تھی۔ شہر کی بیشتر سڑکیں سیوریج کے پانی، بارشوں اور ناقص نکاسیٔ آب کے نظام کے باعث شدید متاثر ہو چکی ہیں۔
میئر کاشف علی شورو نے بتایا کہ مالی امداد کے اجرا کے بعد متاثرہ سڑکوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بحالی اور مرمت کے یہ کام حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور ادارۂ فراہمی و نکاسیٔ آب حیدرآباد کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔
صوبائی چیف سیکریٹری کے مطابق منصوبوں کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیےکمشنر فیاض عباسی کمشنر کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس میں میئر کاشف شورو اور ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن بھی شامل ہیں۔
حکومتِ سندھ یہ رقم صوبائی بجٹ سے الگ خصوصی مالی امداد کے طور پر جاری کرے گی، تاہم اس کے لیے کابینہ کمیٹی برائے خزانہ سمیت دیگر قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ یہ منظوری محکمہ بلدیات کی جانب سے میئر کے ساتھ مشاورت کے بعد پیش کی گئی تجویز پر دی گئی ہے۔
رقم کا بڑا حصہ لطیف آباد، قاسم آباد اور سٹی تعلقوں میں سڑکوں کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا، جن میں حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں آنے والی مختلف ٹاؤن میونسپل کمیٹیاں شامل ہیں۔ محکمہ بلدیات اس کمیٹی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کرے گا۔
تمام منصوبے 30 جون 2026 تک مکمل کیے جائیں گے، جبکہ رقم دو اقساط میں جاری کی جائے گی۔