بلوچستان پولیس کی کارروائیاں، 40 روزہ مہم میں 497 اشتہاری ملزمان گرفتار
کوئٹہ (نمائندہ مقامی حکومت) — انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے 40 روزہ خصوصی مہم کے دوران 497 اشتہاری ملزمان کی گرفتاری پر پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
یہ مہم قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے شروع کی گئی تھی۔
آئی جی پولیس نے کچھی، حب، کوئٹہ، سبی، کوہلو اور زیارت اضلاع کے افسران کے لیے نقد انعامات اور سی سی-1 سرٹیفکیٹس کا اعلان بھی کیا۔
جمعرات کو امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال مجموعی طور پر 587 اشتہاری ملزمان گرفتار کیے گئے تھے، جبکہ رواں سال 26 جنوری سے شروع ہونے والی مہم کے دوران 18 مارچ تک 497 اشتہاریوں کی گرفتاری پولیس کی محنت اور مربوط حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی جی پولیس نے بہترین کارکردگی دکھانے والے اضلاع کے لیے اضافی نقد انعامات کا بھی اعلان کیا اور ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔