ایف آئی اے کو پولیس تشدد کے خلاف کارروائی کا بڑا اختیار مل گیا، شہری اب براہِ راست شکایت درج کرا سکیں گے
اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کو پولیس تشدد اور حراستی ہلاکتوں کے خلاف براہِ راست تحقیقات کا قانونی اختیار سونپ دیا گیا ہے۔ یہ اہم پیش رفت "ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ (پریوینشن اینڈ پنشمنٹ) ایکٹ، 2022” کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، جس کے بعد اب شہری پولیس حراست کے دوران ہونے والے کسی بھی قسم کے تشدد یا زیادتی کے خلاف براہِ راست ایف آئی اے سے رجوع کر سکتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے پولیس حراست میں تشدد اور غیر قانونی ہلاکتوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر 2022 میں یہ تاریخی قانون منظور کیا تھا، جس کا مقصد حراست میں تشدد کو ایک الگ اور سنجیدہ جرم کے طور پر قائم کرنا ہے۔ اس قانون کے تحت نہ صرف تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت سزائیں متعین ہیں بلکہ اعلیٰ افسران کی نگرانی کی ذمہ داری بھی عائد کی گئی ہے تاکہ تھانوں کی چار دیواری میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی نہ ہو۔ اس سے قبل پولیس تشدد کے مقدمات عموماً مقامی پولیس یا عدالتی انکوائریوں تک محدود رہتے تھے، لیکن اب ایف آئی اے کو یہ مینڈیٹ دینے کا براہِ راست فائدہ شہریوں کو ایک غیر جانب دار تفتیشی ادارے کی صورت میں ملے گا۔
اس سے قبل پولیس تشدد کے مقدمات عموماً مقامی پولیس یا عدالتی انکوائریوں تک محدود رہتے تھے۔
ماضی قریب میں ایف آئی اے نے اس حوالے سے متعدد موثر کارروائیاں کی ہیں، جولائی 2025 میں ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے تھانہ ترنول کے ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کے خلاف ایک ملزم نعمان خان کی حراستی موت پر باقاعدہ مقدمہ درج کیا تھا، اس کیس میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے ملزم کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھ کر رات کے وقت تشدد کا نشانہ بنایا جو بعد میں ہلاک ہو گیا، جس پر ایف آئی اے نے قتل اور غیر قانونی حراست سمیت سنگین دفعات کے تحت کارروائی کی تھی۔ ترجمان وفاقی تحقیقاتی ادارہ کے مطابق، پولیس تشدد کا شکار بننے والے افراد یا حراستی ہلاکتوں کے متاثرین کے لواحقین اب بذاتِ خود یا اپنے وکیل کے ذریعے ایف آئی اے میں براہِ راست درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
اسلام اآباد اور اسکے قرب و جوار کے شہری اپنی شکایات کے اندراج اور فوری کارروائی کے لیے ایف آئی اے اسلام آباد زون، رمنا بلڈنگ، جی-6، میلوڈی مارکیٹ، اسلام آباد کے دفتری پتے یا ایس ایچ او ایف آئی اے (اینٹی کرپشن سرکل) کے نمبر 03317474742 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ دیگر علاقوں کے شہری اپنے اپنے ایف آئی آے زونل یا سرکل آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور حراستی تشدد کے کلچر کے خاتمے کے لیے قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا، اس اقدام کو انسانی حقوق کی تنظیموں اور قانونی حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں جوابدہی کا رحجان فروغ پائے گا۔