کراچی سیف سٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے پرچینی کمپنی ہواوے سے مذاکرات حتمی مراحل میں داخل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سیف سٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے چینی کمپنی ہواوے سے مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں اور جلد کام شروع ہونے کی توقع ہے۔

چینی قونصل جنرل فینگ دہینگ سے ملاقات میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 2,300 سے زائد کیمرے نصب کیے جائیں گے، جن میں نگرانی کے 870، نمبر پلیٹ اور چہرے کی شناخت کے 1,300 اور ٹریفک قوانین کے نفاذ کے لیے 80 کیمرے شامل ہیں۔ تمام مراحل مکمل ہونے پر شہر کے 2 ہزار سے زائد مقامات پر تقریباً 10 ہزار کیمرے نصب ہوں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے جدید سیکیورٹی اور نگرانی کا نظام ضروری ہے۔ چین کے دورے میں انہوں نے ہواوے کا سیف سٹی نظام دیکھا تھا اور کراچی میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنے کا ارادہ ہے۔

ملاقات میں چین کے ساتھ زرعی تعاون پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں سورج مکھی اور گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے چینی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے پر گفتگو کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت موسم سرما میں سکھر بیراج اور اس کی نہروں کے باقی 100 دروازوں کی تنصیب تیز کرنا چاہتی ہے۔ چین کے دورے میں انہوں نے بیراج کے دروازے تیار کرنے والی کمپنی کا بھی دورہ کیا تھا۔

ملاقات میں سکھر اور چین کے شہر ییچانگ کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس تعاون سے دونوں شہروں کی جامعات، اسپتالوں اور دیگر اداروں کے درمیان روابط اور اشتراک کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

چینی قونصل جنرل نے شنگھائی سرمایہ کاری کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ کو مبارک باد دی اور کہا کہ 400 سرمایہ کاروں کی شرکت سندھ حکومت پر اعتماد کی عکاس ہے۔

دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں تعاون اور طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد تیز کرنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں