پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیاں شروع، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کے عمل کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں یونین کونسلوں کی نئی حدود کا تعین کیا جائے گا۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق حلقہ بندیوں کے عمل کیلئے تمام انتظامی تیاریاں، کمیٹیوں کی تشکیل اور متعلقہ حکام کی تقرری 16 اپریل 2026 تک مکمل کر لی گئی تھیں، جبکہ شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افسران کی خصوصی تربیت بھی کی گئی۔

بیان کے مطابق ابتدائی حلقہ بندیوں کی تیاری کا عمل 20 اپریل سے شروع ہو چکا ہے جو 21 مئی 2026 تک جاری رہے گا۔ ابتدائی فہرست 25 مئی کو جاری کی جائے گی، جس کے بعد عوام 26 مئی سے 23 جون 2026 تک (عید تعطیلات کے علاوہ) اعتراضات جمع کرا سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اعتراضات پر فیصلے 22 جولائی 2026 تک (عاشورہ تعطیلات کے علاوہ) مکمل کیے جائیں گے جبکہ فیصلوں سے متعلق آگاہی کا عمل 4 اگست تک جاری رہے گا۔ حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 10 اگست 2026 کو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے دوران انتظامی استحکام برقرار رکھنے کیلئے پنجاب بھر میں انتظامی حدود میں کسی بھی قسم کی تبدیلی پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ تمام اضلاع، تحصیلوں اور بلدیاتی حدود کو آئندہ احکامات تک موجودہ شکل میں برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں