کوہستان اسکینڈل ، نیب نے 6 ارب کے اثاثے خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کر دیے
پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان مالیاتی کرپشن کیس میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے 6 ارب روپے سے زائد مالیت کے برآمد شدہ اثاثے خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کر دیے ہیں۔ یہ اثاثے ایک خصوصی تقریب میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کے سپرد کیے۔نیب کے مطابق ابتدائی مرحلے میں حوالے کیے گئے اثاثوں کی مجموعی مالیت 6 ارب روپے سے زائد ہے، جن میں 5 ارب روپے نقد رقم، 1 کلو گرام سونا، 12 لگژری گاڑیاں اور 18 قیمتی جائیدادیں شامل ہیں۔ یہ تمام اثاثے طویل اور منظم تحقیقات کے نتیجے میں برآمد کیے گئے ہیں۔تقریب کے دوران ڈی جی نیب خیبرپختونخوا فرمان اللہ نے کیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع کوہستان کا سالانہ بجٹ 50 کروڑ روپے سے بھی کم ہے، تاہم اس پسماندہ ضلع میں جعلی کمپنیوں، فرضی ٹھیکیداری نظام اور منظم مالیاتی نیٹ ورک کے ذریعے سرکاری وسائل کو بڑے پیمانے پر لوٹا گیا۔