گوجرانوالہ میونسپل کارپوریشن کے سابق چیف آفیسر سمیت پانچ افراد کے خلاف کرپشن کا نیا مقدمہ درج
گجرانوالہ: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گوجرانوالہ میونسپل کارپوریشن کے سابق چیف آفیسر حیدر علی چھٹہ اور چار دیگر سرکاری و نجی افراد کے خلاف مبینہ کرپشن کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔
سابق چیف آفیسر حیدر علی چھٹہ جنوری 2026 میں تین مقدمات میں گرفتاری کے بعد پہلے ہی جیل میں ہیں۔
اینٹی کرپشن گوجرانوالہ سرکل کے افسر اصغر اعوان کی شکایت کے مطابق سابق چیف آفیسر حیدر علی چھٹہ، میونسپل آفیسر (پلاننگ) حافظ طیب، بلڈنگ انسپکٹرز سبحان اور ارسلان جبکہ ایک نجی شخص حیدر علی پر شادی ہال کی تعمیر کے معاملے میں قومی خزانے کو ایک کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
شکایت کے مطابق ملزمان نے 2025 میں گوجرانوالہ کے علاقے اروپ میں سیالکوٹ روڈ کے ساتھ ایک شادی ہال کی تعمیر شروع کی، جس کا نقشہ منظور نہیں کرایا گیا تھا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفصیلی انکوائری کی گئی، جس میں نامزد افراد کو مبینہ طور پر بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں ملوث پایا گیا۔