پنجاب بھر میں 8 سے 11 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری

لاہور: محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں 8 سے 11 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مختلف شہروں میں درجہ حرارت 41 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 8 سے 10 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور گجرات میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں گرم اور خشک موسم رہے گا۔

8 سے 11 جون کے دوران لاہور، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور جھنگ میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ ان شہروں میں شدید گرمی کی لہر رہے گی۔

اسی دوران ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن اور رحیم یار خان میں بھی 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، لیہ، بھکر اور کوٹ اددو میں بھی اسی دوران درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری تک پہنچنے کی پیش گوئی کی ہے۔

شہریوں خصوصاً بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے ضروری تدابیر اختیار کریں۔ کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو بھی فصلوں اور جانوروں کی حفاظت کے لیے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں