بلوچستان میں نئے ڈویژنز اور اضلاع کا نوٹیفکیشن جاری، صوبہ اب 11 ڈویژنز اور 41 اضلاع پر مشتمل

کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بلوچستان کا انتظامی ڈھانچہ تبدیل کرتے ہوئے ڈویژنز کی تعداد 11 جبکہ اضلاع کی تعداد 41 کر دی گئی ہے۔

محکمہ ریونیو بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو دو اضلاع، کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ، میں تقسیم کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ہے۔ اس طرح کوئٹہ ڈویژن اب تین اضلاع پر مشتمل ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ ایسٹ میں سریاب، صدر اور سٹی سب ڈویژنز جبکہ کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک، بروری اور پنجپائی سب ڈویژنز شامل ہوں گی۔

حکومت نے قلات ڈویژن کو ختم کرتے ہوئے خضدار اور لسبیلہ کے نام سے دو نئے ڈویژنز قائم کیے ہیں۔ خضدار ڈویژن میں خضدار، قلات، سوراب اور نیا ضلع وڈھ شامل ہوگا، جبکہ لسبیلہ ڈویژن لسبیلہ، حب اور آواران اضلاع پر مشتمل ہوگا۔

اسی طرح نیا پشین ڈویژن قائم کیا گیا ہے، جس میں پشین، قلعہ عبداللہ، چمن اور نیا ضلع برشور شامل ہوں گے۔

حکومت بلوچستان نے سبی ڈویژن کا نام بھی تبدیل کرکے سیوی ڈویژن رکھ دیا ہے، جو سیوی، ڈیرہ بگٹی ساؤتھ اور کچھی اضلاع پر مشتمل ہوگا۔

انتظامی تبدیلیوں کے بعد بلوچستان کے 11 ڈویژنز میں کوئٹہ، رخشان، مکران، نصیر آباد، ژوب، لورالائی، کوہ سلیمان، پشین، لسبیلہ، سیوی اور خضدار شامل ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئی انتظامی تقسیم سے عوام کو بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی سہولیات اور سرکاری خدمات کی مؤثر فراہمی میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں