ڈی ای او سیکنڈری رحیم یار خان کا صادق آباد میں ہیڈ ٹیچرز اجلاس، تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے اہم ہدایات

صادق آباد: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری ونگ) ضلع رحیم یار خان، میاں وسیم محبوب نے گورنمنٹ اجمل باغ ماڈل ہائی سکول صادق آباد کا دورہ کیا، جہاں تحصیل صادق آباد کے میل سیکنڈری سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈی ای او سیکنڈری نے تعلیمی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے نئے داخلوں (Enrollment Targets)، SMU کے تحت کلاس رومز، ٹائلٹ بلاکس اور باؤنڈری والز کی تعمیر، سکولوں کے باہر زیبرا کراسنگ اور ٹریفک سائنز کی تنصیب، کمپیوٹر لیبز کی فعالیت، اساتذہ کے پروموشن کیسز، سرکاری ڈاک کی بروقت تکمیل، بجلی کے آلات کی محفوظ انسولیشن اور طلبہ کی حفاظت سے متعلق مختلف امور پر ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر گورنمنٹ اجمل باغ ماڈل ہائی سکول صادق آباد کے پرنسپل محمد طارق شفیع کو باضابطہ طور پر تحصیل صادق آباد کے میل سیکنڈری ونگ کا کوآرڈینیٹر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

ڈی ای او میاں وسیم محبوب نے امید ظاہر کی کہ محمد طارق شفیع اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور تمام ہیڈ ٹیچرز کے تعاون سے تحصیل صادق آباد کے سیکنڈری سکولوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

پرنسپل محمد طارق شفیع نے اس اعتماد پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ نئی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے تعلیمی اہداف کے حصول کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ اجلاس میں شریک ہیڈ ٹیچرز نے بھی انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ خبریں