عالمی یومِ آبادی: سندھ میں 186 میگا کیمپس، 10 ہزار سے زائد افراد کو خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات فراہم
کراچی: وزیر صحت سندھ کی ہدایت پر محکمہ بہبودِ آبادی سندھ نے عالمی یومِ آبادی 2026 بھرپور انداز میں مناتے ہوئے صوبے بھر میں خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کی خدمات کے فروغ کے لیے نمایاں اقدامات کیے۔ اس موقع پر صوبے کے تمام 30 اضلاع میں مجموعی طور پر 186 میگا کیمپس قائم کیے گئے، جہاں شہریوں کو مفت مشاورت، خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
محکمہ بہبودِ آبادی سندھ کے مطابق ان میگا کیمپس کے ذریعے مجموعی طور پر 10 ہزار 354 فیملی پلاننگ کلائنٹس نے مختلف مانع حمل خدمات سے استفادہ کیا۔ مختصر مدت کے مانع حمل طریقوں کے تحت 7 ہزار 187 انجیکشنز لگائے گئے، جبکہ طویل مدت کی سہولیات کے طور پر 2 ہزار 143 کاپر ٹی اور 4 ہزار 332 امپلانٹس فراہم کیے گئے۔ مستقل مانع حمل طریقہ اختیار کرنے والوں میں 1 ہزار 465 خواتین نے ٹیوبل لیگیشن (TL) جبکہ 82 مردوں نے ویسیکٹومی کروائی۔
عالمی یومِ آبادی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم بھی بھرپور انداز میں چلائی گئی۔ کراچی کی سرکاری بسوں پر نصب ڈیجیٹل اسکرینز کے ذریعے خاندانی منصوبہ بندی اور متوازن آبادی سے متعلق پیغامات نشر کیے گئے تاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں عوام تک آگاہی پہنچائی جا سکے۔
نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے محکمہ بہبودِ آبادی سندھ نے ریلز مقابلے (Reels Contest) کا بھی انعقاد کیا، جس میں نوجوانوں اور بچوں نے بھرپور دلچسپی سے حصہ لیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔
محکمہ بہبودِ آبادی سندھ کا کہنا ہے کہ عالمی یومِ آبادی کی سرگرمیوں کا مقصد خاندانی منصوبہ بندی، تولیدی صحت اور ذمہ دارانہ والدین کے تصور کو فروغ دینا اور عوام میں صحت مند اور خوشحال خاندان کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔