خداداد کالونی میں مبینہ تجاوزات سے شدید ٹریفک جام، شہریوں کا فوری آپریشن کا مطالبہ

کراچی: خداداد کالونی سوسائٹی آفس سگنل اور اس کے اطراف میں مبینہ تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے پر شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کو ضلع شرقی کے اس علاقے تک بھی توسیع دی جائے، جہاں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر مبینہ قبضوں کے باعث روزانہ ہزاروں افراد مشکلات کا شکار ہیں۔

شہریوں کے مطابق اللہ والا بریانی، سوریہ ٹائر، اجوا ٹی ہوٹل، آغا ہوٹل، ماربل اور ایلومینیم کی چند دکانوں سمیت بعض تجارتی مراکز کے سامنے مبینہ تجاوزات کی وجہ سے سڑک کا بڑا حصہ استعمال میں نہیں رہتا، جس کے باعث دن بھر ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اللہ والا بریانی کے قریب ایک پان کے کیبن اور بڑے جنریٹر کی وجہ سے ملحقہ گلی میں بھی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔

مقامی افراد نے میئر کراچی، کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی، اسسٹنٹ کمشنر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسدادِ تجاوزات سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام مبینہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو عوام کے لیے بحال کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور شہریوں کو روزانہ درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔

متعلقہ خبریں