صادق آباد: گٹر کا ڈھکن نہ ہونے کے باعث بچی جاں بحق، اسسٹنٹ کمشنر تبدیل

صادق آباد: اسلم ٹاؤن مین گلی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں گٹر کا ڈھکن نہ ہونے کے باعث ایک کمسن بچی گر کر جاں بحق ہو گئی۔

مقامی افراد کے مطابق گلی میں موجود کھلے گٹر کے باعث حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں بچی جان کی بازی ہار گئی۔ واقعے کے بعد اہل علاقہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور شہریوں نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں کھلے مین ہولز اور گٹروں کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق اسلم ٹاؤن میں پیش آنے والے واقعے کے بعد انتظامی سطح پر بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی زوہیب لغاری کے بعد اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد عمران رسول رانجھا کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سلمان قیوم شیخ کو نئے اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد تعینات کر دیا گیا ہے۔

شہریوں نے نئی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں صفائی، نکاسی آب اور شہری سہولیات کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور ایسے مقامات کی فوری نشاندہی کر کے اقدامات کیے جائیں جہاں شہریوں کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔

متعلقہ خبریں