نیو کراچی ٹاؤن میں یومِ استحصالِ کشمیر ریلی، کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی
کراچی (نمائندہ خصوصی) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کے زیرِ اہتمام ایک پُرامن اور پروقار یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر نے کی۔ ریلی کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی، ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا تھا۔
ریلی میں نیو کراچی ٹاؤن کے افسران، ملازمین، بلدیاتی سرکاری اسکولوں کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف بلدیاتی اسکولوں میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے خصوصی ریلیاں اور آگاہی تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں طلبہ نے جوش و جذبے کے ساتھ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران مقبوضہ کشمیر کے شہداء اور مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر نے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارت نے یکطرفہ اقدام کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کشمیری عوام کے بنیادی، سیاسی اور جمہوری حقوق متاثر ہوئے اور خطے کے امن و استحکام کو بھی نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستانی قوم ان کی منصفانہ جدوجہد کی ہر سطح پر سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
عبدالجبار مہر نے بلدیاتی سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل میں مسئلہ کشمیر، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے شعور کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کی پرجوش شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیر کا مقدمہ مؤثر انداز میں اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
ریلی کے اختتام پر کشمیری شہداء کے ایصالِ ثواب، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی، پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔