مسلم لیگ (ق) سندھ کی صوبائی تنظیم تحلیل، نوٹیفکیشن جاری
کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ق) کی مرکزی قیادت نے سندھ کی موجودہ صوبائی تنظیم سمیت تمام ضلعی، شہری، تحصیلی اور ٹاؤن سطح کی تنظیمیں فوری طور پر تحلیل کر دی ہیں، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے صوبائی صدر، جنرل سیکرٹری سمیت تمام صوبائی عہدیداران کے تنظیمی اختیارات بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ق) سندھ کی تمام ضلعی، شہری، تحصیلی اور ٹاؤن تنظیمیں تحلیل ہونے کے بعد پارٹی آئین، قواعد و ضوابط، پالیسیوں اور پارٹی ڈسپلن کی مکمل پابندی کرتے ہوئے مرکزی قیادت کی ہدایات کے مطابق آئندہ ذمہ داریاں انجام دیں گی۔
مرکزی قیادت کے مطابق مسلم لیگ (ق) سندھ کی نئی صوبائی تنظیم کی ازسرِنو تشکیل کا عمل پارٹی آئین کے مطابق شروع کیا جائے گا۔
مرکزی سیکرٹریٹ نے تمام سابق تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ تنظیم نو کے عمل میں مرکزی قیادت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔