ڈاہرانوالہ میں جعلی زرعی ادویات کے خلاف کارروائی، 11 لاکھ روپے مالیت کی ادویات برآمد

چشتیاں: ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ضلع بہاول نگر محمد رضوان امجد کی سربراہی میں تحصیل چشتیاں میں جعلی اور غیر قانونی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ کارروائی کے دوران ڈاہرانوالہ میں غیر رجسٹرڈ کمپنی کی زرعی ادویات فروخت کرنے والی دکان پر چھاپہ مار کر 11 لاکھ روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات برآمد کرلی گئیں۔

محکمہ زراعت کے افسران کے مطابق نواحی قصبہ ڈاہرانوالہ میں جعلی زرعی ادویات کی چیکنگ کے دوران ڈاہرانوالہ سپرے سنٹر پر کارروائی کی گئی۔ اس موقع پر دکاندار کوئی مستند ریکارڈ یا دستاویزات پیش نہ کرسکا جبکہ غیر قانونی کاروبار کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

محکمہ زراعت کے مطابق برآمد ہونے والی غیر قانونی زرعی ادویات کو مال مقدمہ کے طور پر ڈاہرانوالہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) ضلع بہاول نگر کی جانب سے تھانہ ڈاہرانوالہ پولیس کو مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست بھی دے دی گئی ہے۔

تاہم پولیس کی جانب سے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ محکمہ زراعت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اعلیٰ حکام کو صورت حال سے آگاہ کردیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں