گھوٹکی میں 50 سے زائد مستحقین میں ایک کروڑ روپے کے بلاسود قرضے تقسیم

گھوٹکی: سندھ حکومت کے ترجمان سکھ دیو ہیمنانی نے گھوٹکی میں سندھ حکومت کے پیپلز پاورٹی ریڈکشن پروگرام کے تحت 50 سے زائد مستحقین میں ایک کروڑ روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے۔

تقریب کے دوران مستحقین میں سولر کٹس اور درختوں کے پودے بھی فراہم کیے گئے۔ بلاسود قرضوں کا مقصد خواتین کاروباری افراد، مویشی پالنے، چھوٹے کاروبار اور دیگر آمدنی پیدا کرنے والی سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

سکھ دیو ہیمنانی نے کہا کہ مالی معاونت کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور انہیں مستقل آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیپلز پاورٹی ریڈکشن پروگرام کے ذریعے اب تک سندھ بھر میں 15 لاکھ سے زائد خاندان مستفید ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام میں معاشی خود انحصاری کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، تاکہ کم آمدنی والے خاندان اپنے وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرکے پائیدار ذریعہ آمدن حاصل کرسکیں۔

تقریب میں سولر کٹس کی فراہمی اور شجرکاری کے لیے پودوں کی تقسیم کو بھی پروگرام کے سماجی اور ماحولیاتی اقدامات کا حصہ قرار دیا گیا۔

متعلقہ خبریں