سندھ حکومت نے ڈپٹی کمشنرز کو متروکہ وقف املاک کا ضلعی ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا
کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں متروکہ وقف املاک کے ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا ہے۔
محکمہ اقلیتی امور سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں متروکہ وقف املاک کی نگرانی کریں گے اور تجارتی، زرعی اور مذہبی املاک کے انتظام کے ذمہ دار ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو متروکہ وقف املاک کے تحفظ اور ریگولیشن سے متعلق اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں۔ وہ املاک کے مؤثر انتظام اور نگرانی کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دے سکیں گے۔
حکومت سندھ کے مطابق نئے انتظامی احکامات کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
اس اقدام کے تحت ضلعی انتظامیہ کو متروکہ وقف املاک کے تحفظ، نگرانی اور انتظامی امور میں براہِ راست کردار سونپا گیا ہے، جبکہ ضلعی سطح پر کمیٹیوں کے قیام سے املاک کے انتظام و نگرانی کے عمل کو مزید منظم بنانے کی توقع ہے۔