لاہور: وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے کے 51 شہروں میں 18 ملین گیلن مجموعی گنجائش کے 105 واٹر ٹینکس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 92 انڈر گراؤنڈ ٹینکس مکمل ہوچکے ہیں۔
سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک اور ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم عباسی شریک ہوئے، جبکہ متعلقہ میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (MOIs) اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز (APDs) نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ پی ڈی پی کے تحت 77 کلومیٹر طویل 124 ڈرینز بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ان میں سے 92 ڈرینز مکمل ہوچکی ہیں جبکہ مزید 6 ڈرینز پر تیزی سے کام جاری ہے۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت مجموعی طور پر 81 ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں 23 ڈسپوزل اسٹیشنز پر کام شروع ہوچکا ہے جبکہ مزید 58 ڈسپوزل اسٹیشنز پر مرحلہ وار کام جلد شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے بجلی کے بلوں میں ماہانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔ ڈسپوزل اسٹیشنز شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
صوبائی وزیر نے واٹر ٹینکس اور ڈرینز کی بروقت تعمیر پر متعلقہ ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے MOIs اور APDs کو تعمیراتی کام کی مؤثر نگرانی کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔