راولپنڈی ڈویژن میں پی ٹی آئی کے 150 سے زائد کارکن 3 ایم پی او کے تحت گرفتار
لانگ مارچ کے پیش نظر پولیس کی کارروائیاں جاری، 2 ہزار سے زائد گھروں اور دفاتر کی چیکنگ
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ اور امن و امان میں ممکنہ خلل کے خدشے کے پیش نظر راولپنڈی ڈویژن میں پارٹی کے 150 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کو 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لے کر مختلف جیلوں میں منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب راولپنڈی ڈویژن کے پانچ اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے گھر گھر جا کر تلاش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کو زیرِ زمین جانے والے پی ٹی آئی کے 463 رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے لیے متحرک کیا گیا ہے۔ ان افراد کو تین مختلف درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں 59 ٹائر ون، 178 ٹائر ٹو اور 226 ٹائر تھری کے کارکن شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور انصاف لائرز فورم کے 91 رہنماؤں اور کارکنوں کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ 20 روز کے دوران ڈویژن میں 2,019 گھروں اور دفاتر کی چیکنگ کی جاچکی ہے، جبکہ گھر گھر جا کر تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی ڈویژن کے تمام پانچ اضلاع میں پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی بندش، اضافی پولیس نفری کی تعیناتی اور دیگر حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ضلعی سطح پر پی ٹی آئی اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے سرگرم اور نمایاں رہنماؤں و کارکنوں کو حراست میں لینے کا مقصد ان کی جانب سے دیگر کارکنوں کو متحرک کرنے کے امکانات کو محدود کرنا بتایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 4 ستمبر سے اب تک 150 پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لیا جاچکا ہے اور انہیں مختلف جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر گھر جا کر تلاش کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، تاہم پی ٹی آئی کی قیادت اور متعدد کارکن روپوش ہوگئے ہیں۔
راولپنڈی میں 10 ہزار 600 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے
لانگ مارچ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی میں 10,600 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق دیگر اضلاع سے اضافی پولیس نفری بھی راولپنڈی پہنچنا شروع ہوگئی ہے تاکہ مقامی پولیس کی معاونت کی جاسکے۔
دریں اثنا سٹی پولیس افسر حسن مشتاق سکھیرا اور ڈپٹی کمشنر ریٹائرڈ کیپٹن ندیم ناصر نے ٹیکسلا کا دورہ کیا، جہاں پاکستان رینجرز کی دو کمپنیاں تعینات کی جانی ہیں۔
افسران نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر افسران نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ قانون کی بالادستی اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے ک