محدود وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہے ہیں:محمد یوسف

کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کی یونین کونسل 13 کے علاقے باب الاسلام ماڈل محلے میں دو سڑکوں کی کارپیٹنگ مکمل ہونے کے بعد چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے افتتاح کر دیا۔ دونوں سڑکوں کو جماعت اسلامی کے مرحوم کارکنان ایوب خان نیازی اور عبید ہاشمی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

28 اکتوبر 2026 کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں یو سی 13 کے کونسلرز، ٹاؤن آفیسر فیصل صغیر اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ علاقہ مکینوں کے دیرینہ مطالبے پر سڑکوں کی تعمیر اور کارپیٹنگ کا کام مکمل کیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے اور جماعت اسلامی عوامی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے مکمل کیے جا رہے ہیں، اس لیے ان منصوبوں کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی شہریوں کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی بہتری کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں