سابق ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ راشد کے خلاف مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی انکوائری شروع
لاہور: پنجاب کے محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے خانیوال کی سابق ڈپٹی کمشنر ملیحہ راشد کے خلاف مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں انکوائری شروع کر دی ہے۔
میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یہ تحقیقات خانیوال کے اکبر بازار بیوٹیفکیشن منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے پر شروع کی گئی ہیں۔
سابق ڈپٹی کمشنر پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹھیکیدار کے ساتھ مبینہ ملی بھگت سے منصوبے میں کرپشن کی۔ اطلاعات کے مطابق ٹھیکیدار نے پیشگی ادائیگی وصول کرنے کے بعد مبینہ طور پر کام ادھورا چھوڑ دیا اور فرار ہوگیا، جبکہ منصوبہ مقررہ مدت سے خاصی تاخیر کا شکار رہا۔
رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ سہیل ظفر چٹھہ نے تاحال سابق ڈپٹی کمشنر کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق نہیں کی۔
اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے انکوائری کے نتائج یا الزامات کی حتمی تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔