سیالکوٹ: خواجہ آصف کی نئے صوبے بنانے کی حمایت، لسانی اور سیاسی بنیادوں پر تقسیم کی مخالفت

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں نئے صوبے بنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر انتظامی بنیادوں پر چھوٹے صوبے قائم کرنے کی ضرورت ہے، تاہم نئی انتظامی اکائیوں کی تشکیل لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں پر نہیں ہونی چاہیے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں اختیارات کے ارتکاز کے باعث سرکاری وسائل اور خدمات مقامی سطح تک نہیں پہنچ پاتیں۔ ان کے مطابق انتظامی اختیارات عوام کے قریب منتقل کرنے سے حکومتی خدمات کی فراہمی بہتر ہو سکتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو فراہم کیے جانے والے فنڈز کا بڑا حصہ صوبائی حکومتوں کے کنٹرول میں رہتا ہے، جبکہ مقامی حکومتیں مالی وسائل اور اختیارات کے لیے صوبوں کی محتاج ہیں۔ انہوں نے سیاست دانوں پر زور دیا کہ وہ اختیارات اپنے پاس رکھنے کے بجائے انہیں نچلی سطح تک منتقل کریں۔

وزیر دفاع کے مطابق انتظامی ضروریات کو بنیاد بنایا جائے تو ملک میں صوبوں کی تعداد 12 تک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے ماضی کے ون یونٹ نظام اور افغانستان میں صوبوں کی تعداد میں اضافے کی مثالیں بھی دیں۔

ان کا یہ بیان ملک کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی مجوزہ تجویز اور ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے جاری بحث کے دوران سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ منصوبے میں پنجاب کو چار، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو تین، تین جبکہ سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں