گلگت بلتستان میں ’’ایک گاؤں، ایک پراڈکٹ‘‘ منصوبے کا آغاز، دیہی معیشت مضبوط بنانے کا ہدف
گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ’’ایک گاؤں، ایک مصنوعات‘‘ (One Village, One Product) منصوبے کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت ہر گاؤں کی ایک مخصوص مقامی پیداوار کو شناخت، برانڈنگ اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ کسانوں اور دیہی گھرانوں کی آمدن میں اضافہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کے اصلاحاتی اسٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شعبے گلگت بلتستان میں دیہی خوشحالی کے بنیادی محرک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب تمام دیہات کو یکساں تصور کرنے کے بجائے ہر گاؤں کی منفرد پیداوار کو فروغ دیا جائے گا تاکہ مقامی کسانوں کو بہتر قیمت اور پائیدار ذریعہ معاش مل سکے۔
اجلاس میں خطے میں مشروم کی کاشت کے وسیع امکانات کے پیش نظر اس شعبے پر خصوصی توجہ دینے اور کسانوں و زمین مالکان کو اس کی جانب راغب کرنے کے لیے ضروری معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ زرعی پالیسی جلد حتمی شکل دے کر کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کسانوں کو زرعی سہولیات اور معاونت کی بروقت فراہمی کے لیے کسان کارڈ جلد جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بڑے اسٹورز اور مالز میں مقامی نامیاتی مصنوعات کی فروخت اور تشہیر کے لیے خصوصی جگہ مختص کی جائے، جبکہ گلگت اور اسکردو میں نامیاتی مصنوعات کے اسٹورز قائم کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں۔
انہوں نے محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری میں آن لائن پورٹل کے اجرا کو شفافیت اور کسانوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے محکمے کی استعداد بڑھانے کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کرنے اور ضروری عہدوں کی ازسرنو درجہ بندی کے لیے سروسز ڈیپارٹمنٹ کو کیس بھیجنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں زراعت کے فارغ التحصیل نوجوانوں کے لیے ’’وزیراعلیٰ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام‘‘ متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ انہیں عملی تجربے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری کے لیے مرتب کی جانے والی پالیسی پر مسلسل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ضروری وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔