آزاد کشمیر میں تدریسی آسامیوں پر بھرتیوں اور ڈیجیٹل حاضری کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر حکومت نے تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے تدریسی آسامیوں پر بھرتیوں اور تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل حاضری کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ کی زیر صدارت اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس نے اساتذہ، ہیڈ ماسٹرز، کمپیوٹر انسٹرکٹرز اور سبجیکٹ اسپیشلسٹس کی خالی آسامیوں کا تعین کرکے پبلک سروس کمیشن کو بھجوانے اور مستقل و عارضی بھرتیوں کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
EMIS کی تیار کردہ حاضری ایپلی کیشن 15 روز میں ہر ضلع کے 50 پرائمری اسکولوں میں نصب کی جائے گی، جبکہ مارچ 2027 تک اسے تمام تعلیمی اداروں تک وسعت دی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نصب شدہ 1,900 بائیومیٹرک آلات میں سے 1,700 فعال ہیں۔ باقی آلات سات روز میں فعال بنانے اور دیگر 200 اسکولوں میں ایپلی کیشن نصب کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیر تعلیم نے نویں جماعت کے غیر تسلی بخش نتائج پر تحقیقاتی کمیٹی سے فوری سفارشات طلب کرلیں۔ اجلاس نے میٹرک میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے نقد انعامات اور نمایاں اساتذہ کے لیے تعریفی اسناد کی منظوری بھی دی۔
اجلاس نے کوٹلی کے ضلعی محکمہ تعلیم کے تیار کردہ ویب پورٹل کو دیگر اضلاع تک وسعت دینے اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی کی نگرانی کے لیے ڈیش بورڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ محکمہ تعلیم میں الیکٹرانک فائل مینجمنٹ سسٹم بھی نافذ کیا جائے گا۔
وفاقی فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی 2026 کو آزاد کشمیر میں متعارف کرانے کے لیے ورکنگ پیپر تیار کرنے اور اساتذہ کے تربیتی یونٹس فعال بنانے کی ہدایت کی گئی۔ لیبارٹری اسسٹنٹس اور مختلف کیڈرز کے اساتذہ کے سروس رولز سے متعلق کمیٹی کو سات روز میں سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔
اجلاس نے سرکاری اسکولوں کی تعمیر و مرمت اور سہولیات کی بہتری میں تعاون کرنے والے مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں کے اعتراف میں ریاستی سطح کی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت شفافیت، میرٹ، جدید ٹیکنالوجی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرے گی۔